نازیہ حسن: ہم تمہیں نہیں بھولے

…ملک شکیل…

نازیہ حسن ،ایک نام، جو سنتے ہی دل لہک لہک کر گانے لگتا ہے”آپ جیسا کوئی زندگی میں آئے تو بات بن جائے“،ایسا کون سا نغموں کا شائق ہے، جس نے یہ مشہور زمانہ نغمہ نہیں سُنا۔یہ وہ نغمہ ہے جو سدابہار ہے۔ 1980 ء کی دہائی میں بھی یہ اتنا ہی تروتازہ تھا، جتنا آج ہے۔آج بھی اس نغمے کو سنتے ہوئے یہی لگتا ہے کہ یہ ہمارے لیے ہے ۔اگر یہ نغمہ اتنا تروتازہ ہے تو دل بے اختیار اسے گائیک کے بارے میں جاننا چاہتا ہے، جس نے اس شہرہ آفاق نغمے کو گایا، تووہ شخصیت صرف نازیہ حسن کی تھی۔

 جن کے بارے میں ایک فقرے میں یہی کہا جا سکتا ہے”وہ آئی، اس نے دیکھا اور فتح کر لیا“ دنیا میں ایسی عجوبہ روزگار شخصیت بہت کم ہوتی ہیں اور ان میں سے ایک نازیہ حسن بھی تھیں۔ جنہیں پاکستان میں پاپ میوز ک کی بے تاج ملکہ کہا جا سکتا ہے۔

13 اگست 2010 ء ،نازیہ حسن کی 10 ویں برسی کا دن ہے۔ صرف 35 برس کی قلیل عمری میں ان کا انتقال ہوا۔ لیکن اس کم عمری میں انہوں نے شہرت کی ان بلندیوں کو چھو لیا، جس کا صرف خواب ہی دیکھا جا سکتا ہے اور تعبیر بہت کم لوگوں کے ہاتھ میں آتی ہے۔ ان کے 5 میوزک البم مارکیٹ میں آئے اور ایک سے بڑھ کرایک مقبولیت حاصل کرتے چلے گئے۔

 
وہ نہ صرف پاکستان، ہندوستان بلکہ ان ممالک میں بھی پسند کی جاتی تھیں، جو اردو نہیں جانتے تھے لیکن نازیہ کی آواز کا جادو انہیں جھومنے پر مجبور کر دیتا تھا۔ نازیہ کا البم ”ڈسکو دیوانے“ایسا البم تھا جس نے مقبولیت کے ریکارڈ بنائے۔ ان کے گانے ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے“کئی دہائیوں کے بعد بھی دلوں کو گرما دیتا ہے۔

 ان کی شخصیت کو ایک مضمون میں سمو دینا زیادتی ہوگی۔ ان کے فن پر تو کتاب لکھی جانی چاہیے کیوں کہ پاکستان میں ان جیسا کوئی دوبارہ نہیں آیا ۔

 
لیکن حیرت اور دُکھ کی بات ہے، کہ جس فن کارہ کے فن کا لوہا ایک دنیا مانتی تھی۔ جس کی آواز کی دنیا میں دھوم تھی لیکن اس عظیم گلوکارہ کی ازدواجی زندگی تباہی سے دوچار تھی۔ اشتیاق بیگ کے ساتھ ان کا نباہ نہ ہو سکا تھا۔ شاید یہی دکھ اس عظیم گلوکارہ کو اندر ہی اندر سے گھن کی طرح چا ٹ رہا تھا جو وہ کینسر میں مبتلا ہوئی۔ یہ کوئی مرنے کی عمر تو نہ تھی۔ ابھی تو اُس نے شہرت کی مزید کئی بلندیوں کو چھونا تھا لیکن شاید کاتب تقدیر کو یہی منظور تھا ۔

آج نازیہ حسن ہمارے بیچ نہیں ہیں، لیکن پاکستان میں میوزک کی تاریخ جب تک زندہ رہے گی، ان کا نام لیا جاتا رہے گا۔وہ پاپ میوزک کی ملکہ کے طور پر جانی جاتی رہیں گی۔

ملک شکیل کی گزشتہ پوسٹ

قومی ترانے کی کہانی

2 Responses to نازیہ حسن: ہم تمہیں نہیں بھولے

  1. توارش نے کہا:

    بھولی یادیں یاد دلانے کا شکریہ

  2. Coco Drilo نے کہا:

    آپ، mbslg1987@yahoo.com کرنے کے لئے مجھ سے Disco Deewane اور بوم بوم لئے اردو دھن براہ مہربانی بھیج سکتے ہیں!

تبصرہ کریں